24 دسمبر 2025 - 19:05
اسلام آباد میں بین الاقوامی ادارہ الباقر مرکز کا افتتاح، امام محمد باقرؑ کے فکری کردار پر علمی سیمینار

اسلام آباد میں بین الاقوامی ادارہ الباقر کے زیر اہتمام امام محمد باقر علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر الباقر مرکز کے باضابطہ افتتاح کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں علمائے امامیہ، اساتذہ، دانشوروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، بین الاقوامی ادارہ الباقر کے زیر اہتمام الباقر مرکز اسلام آباد میں ایک علمی و افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جو امام محمد باقر علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر منعقد کی گئی۔ اس موقع پر الباقر مرکز اسلام آباد، جو بین الاقوامی ادارہ الباقر کا انتظامی ہیڈکوارٹر ہے، کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔

افتتاحی تقریب ایک علمی سیمینار کی صورت میں منعقد ہوئی، جس کا عنوان ’’مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کی فکری بنیادوں کی تشکیل میں امام محمد باقر علیہ السلام کا کردار‘‘ تھا۔ مقررین نے امام محمد باقر علیہ السلام کی علمی تحریک، فکری خدمات اور اسلامی علوم کی تدوین میں ان کے بنیادی کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

سیمینار سے مجمعِ جہانی اہلِ بیتؑ کے سربراہ آیت اللہ محمد رضا رمضانی نے بذریعہ ویڈیو لنک خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے دینِ اسلام کی صحیح، جامع اور ہمہ جہتی تبیین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عصرِ حاضر میں درپیش فکری شبہات کے مدلل اور منطقی جوابات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی ادارہ الباقر کی علمی خدمات کو سراہا اور مرکز کے افتتاح پر ادارے کے مؤسس، سربراہ اور منتظمین کو مبارک باد پیش کی۔

بین الاقوامی ادارہ الباقر کے سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے خطبۂ استقبالیہ میں معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ادارے کے قیام، اغراض و مقاصد اور علمی وژن سے آگاہ کیا۔

دارالعلوم محمدیہ کے پرنسپل اور ادارہ الباقر کی ایگزیکٹو کونسل کے رکن علامہ ملک نصیر حسین نے اپنے خطاب میں دورِ حاضر کے فکری تقاضوں اور علمی اداروں کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی، جبکہ ادارہ الباقر کے ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ اور ممتاز عالمِ دین علامہ ڈاکٹر سید جاوید حسین شیرازی نے امام محمد باقر علیہ السلام کی علمی تحریک اور امتِ مسلمہ پر اس کے دیرپا اثرات کا جامع جائزہ پیش کیا۔

تقریب میں رکنِ قومی اسمبلی حمید حسین طوری، اساتذہ، علمائے کرام اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی ادارہ الباقر 12 ذیلی شعبوں پر مشتمل ایک عالمی ادارہ ہے، جس کے تحت دو مدارسِ علمیہ، ایک علمی و تحقیقی مرکز، دارالایتام، اسکول، قرآن مرکز، ووکیشنل مرکز، مرکزِ صحت، علمائے امامیہ کا تبلیغی نظام، ایک مطالعاتی و اشاعتی مرکز اور ایک فلاحی سوسائٹی سرگرمِ عمل ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha